پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا

جہلم: پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اچانک اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا۔
ایک ماہ میں پٹرولیم مصنوعات میں دو مرتبہ بڑے اضافے کے بعد جہلم سے دوسرے شہریوں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ٹرانسپوٹرز نے ازخود کرائے میں اضافہ کر کے مسافروں سے اضافی کرائے وصول کرنے شروع کر رکھے ہیں جو کہ مسافروں کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔
مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایوں فی کلو میٹر فی مسافر کے فارمولے پر عملدرآمد کرتے ہوئے کرائے مقرر کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر مسافروں کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کرتے اور اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جائے تو من مانا اضافہ کر کے کرایوں کی وصولی شروع کر دی جاتی ہے جو کہ مسافروں کے ساتھ سخت زیادتی ہے۔
شہریوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔