
جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کا انوکھا کارنامہ ، مردہ، نیم مردہ سینکڑوں مرغیاں دریا برد کردی گئیں، شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں موذی امراض پھیلنے کا اندیشہ، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ دارا ن نے راولپنڈی سے جہلم مردہ و نیم مردہ فروخت کے لئے لائی جانے والی مرغیاں زیر زمین دفن کرنے کی بجائے دریائے جہلم میں بہا دیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سینکڑوں کی تعداد میں مردہ ، نیم مردہ مرغیوں کو دریاء میں بہانے سے آبی حیات سمیت چرند پرند مرغیوں کی باقیات کے کھانے سے زہریلے جراثیم پھیلانے کا سبب بنیں گے ، اسی طرح دریاء کا پانی بیشتر دیہاتوں کے مکین اور دریاء کے دونوں کناروں پر آباد لوگ استعمال کرتے ہیں زہریلے پانی کے استعمال کی وجہ سے بھی مہلک امراض کے پھیلنے کا اندیشہ لاحق ہو سکتا ہے۔
شہرکی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہری مہلک امراض سے محفوظ رہ سکیں ۔