جہلم کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے

جہلم: کنٹونمنٹ بورڈ کی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے برخلاف کنٹونمنٹ بورڈ کے مختلف علاقوں میں نصب ہورڈنگ بورڈز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے؟۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے 17 اکتوبر 2018ء کو اپنے ایک فیصلے میں تمام اداروں کو اپنی حدود میں نصب ہورڈنگ بورڈز اور بل بورڈز ہٹانے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجودمیونسپل کمیٹی اور کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں میں نصب بڑے سائز کے ہورڈنگ بورڈ ز قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔
شہر میںکچھ عرصہ قبل ہورڈنگ بورڈز نصب کئے گئے اس کے علاوہ دیگر کئی مقامات پر بھی بورڈ نصب ہیں، یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے کنٹونمنٹ بورڈ ، میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ سپریم کورٹ کے احکامات سے مکمل لا علم ہے، جس کی وجہ سے جگہ جگہ ہورڈنگ بورڈز نصب کئے جا چکے ہیں۔
شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں نصب ہونے والے ہورڈنگ بورڈز کا از خود نوٹس لیا جائے اور ہورڈنگ بورڈز ہٹائے جائیں۔