لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں آج ہفتے کو اسرائیل مخالف مظاہرہ ہوگا جب کہ دائیں بازو گروپوں نے احتجاج کا اعلان کیا ہے،جس سے امن وامان متاثر ہونے کا خطرہ پیداہوگیا جب کہ فٹ بال ہولی گنزبھی سینٹرل لندن کارخ کرینگے ،میٹ پولیس کی مدد کے لیے انگلینڈ اورویلزکے ایک ہزارپولیس افسران موجودہوں گے ۔ ہوم سیکرٹری سویلابریورمین کی جانب سے پولیس کومعتصب قراردینے کے بعدکشیدگی میں اضافہ ہوا،چانسلر جیریمی ہنٹ نے ہوم سیکرٹری سویلابریورمین کی حمایت سے انکارکردیا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں ہفتہ کے روزجنگ عظیم کی یادمیں ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ہونے والی تقریبات کے موقع پرسنٹرل لندن میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جہاں ایک بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا وہیں دائیں بازو کے گروپوں کی طرف سے مظاہرہ کئے جانے کے اعلان کے بعد امن وامان متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور میٹ پولیس کی مدد کے لیے انگلینڈ اورویلز کی مختلف فورسز کے ایک ہزاراضافی پولیس افسران بھی شہر میں موجود ہوں گے۔
اس کشیدگی کی بڑی وجہ ہوم سیکرٹری سویلا بریورمین کا وہ اخباری مضمون بنا ہے جس میں انہوں نے پولیس کو متعصب قرار دیتے ہوئے کہاتھاکہ وہ دائیں بازوکی نسبت بائیں بازو و الوں سے رعایت برت رہی ہے۔ ہوم سیکرٹری کے اس موقف کے بعد جہاں اپوزیشن سیاسی جماعتیں ان پر تنقید کر رہی ہیں وہیں خود ان کی جماعت کے بعض رہنمابھی ان کاساتھ دیتے نظر نہیں آرہے۔
چانسلر جیریمی ہنٹ نے واضح طور پر ان کی حمایت کرنے انکارکرتے ہوئےکہا ہے کہ سویلابریورمین نے جوالفاظ استعمال کئے،وہ ایسے الفاظ استعمال نہیں کرتےجبکہ ایجوکیشن سیکرٹری رابرٹ یالغون سے جب باربار استفسار کیا گیا کہ کیا اب بھی سویلا بریورمین پروزیراعظم کا اعتماد ہے کہ انہوں نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی تمام توجہ یادگاری تقریبات کے پرامن انعقاد پر ہے۔
دوسری طرف نیشنل پولیس چیف کونسل نے فلسطینیوں کی حمایت میں نکلنے والے مارچ پرپابندی نہ لگانے کے میٹ چیف سر مارک رولی کی حمایت کی ہے اورکہاہے کہ پولیس افسران صورت حال دیکھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف نکلنے والے مظاہروں کو ہیٹ مارچ کہنے والی سویلا بریورمین کیلئے مختلف تنازعات میں ملوث ہونا نئی بات نہیں ہے ۔اس سے پہلے وہ چائلڈ گرومنگ کے حوالے سے کہہ چکی ہیں، ان میں اکثریت پاکستانی مردوں کی ہے جوکہ خود ہوم آفس کی رپورٹ کے خلاف بات تھی۔ ہفتہ کودائیں بازو کے گروپوں کے علاوہ فٹ بال ہولی گنزبھی سینٹرل لندن کارخ کریں گے جنہیں کہ ’’مائیگرنٹ ہنٹر‘‘ بھی کہا جاتا ہے۔