بیکریوں، ہوٹلوں اور مٹھائی کی دکانوں پر حفظان صحت کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری

جہلم: بیکریوں ،ہوٹلوں اور مٹھائی کی دکانوں پر حفظان صحت کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں جاری، شہری کھانے پینے کی مضر صحت اشیاء کے استعمال سے خطرناک بیماریوں کا شکار ہونے لگے ۔ پنجاب فوڈاتھارٹی کے ذمہ داران نے چشم پوشی اختیار کرلی۔ شہریوں کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر اور اس کے گردونواح میں قائم ہوٹلوں ،بیکریوں اور مٹھائی کی دکانوں سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء تیار و فروخت کرنے والی دکانوں پر فروخت ہونے والی مٹھائیوں ،سموسے اور بیکری کا سامان ایسی جگہوں پر تیار کیا جارہا ہے جو جگہیں نہانے ، کپڑے دھونے یا واش روم سے ملحقہ ہیں ،اشیاء کی تیاری کے لئے بنائے گئے کارخانوں میں غلاظت سے اٹے پڑے ہیں ،اشیاء کی تیاری میں کیمیکل کا استعمال بے دریغ کیا جا رہا ہے جو حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس ہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع بھر میں قائم ہوٹلوں ، مٹھائی کی دکانوں اور کھانے پینے کی اشیاء تیار کرنے والی دکانوں کا ہفتہ وار وزٹ کیا جائے تاکہ صفائی کو مد نظر رکھتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق اشیاء دستیاب ہو سکیں ۔