جہلم

شاندار چوک جہلم کے چاروں بازاروں اور ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کے مسائل حل نہ ہو سکے

جہلم: شاندار چوک کے چاروں بازاروں اور ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کے مسائل حل نہ ہو سکے، بیشتر جگہ پر تجاوزات تھڑوں کی صورت بھی اختیار کر چکے ہیں، سول لائن روڈپر موبائل فونز سمز فروخت کرنے والوں کے کاؤنٹرز، ملحقہ گلیوں ماڈرن کالونی سمیت چھوٹی بڑی گلیوں میں بھی تجاوزات قائم ہو چکی ہیں۔

اولڈ جی ٹی روڈ پر فٹ پاتھوں پر دکانداروں نے قبضے کر رکھے ہیں جبکہ ریلوے روڈ کے دونوں اطراف کے فٹ پاتھوں کو دکانوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ تحصیل روڈ پر ریڑھی مافیا نے اپنے قبضے جما لیے ہیں، نیا بازار میں بھی پیدل چلنا محال ہو چکا ہے، ایسے تاجر جن کی ذاتی دکانیں ہیں انہوں نے کئی کئی فٹ پر کرایہ داروں کو بٹھایا ہوا ہے۔

شہر کے وسط میں واقع شاندار چوک کے چاروں بازاروں میں میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت ، نااہلی اور تساہل پسندی کی وجہ سے پیدل چلنا خریداروں کے لئے محال ہوگیا ہے۔

بازاروں میں آنیوالے شہریوں کا کہنا ہے کہ ملحقہ گلیوں میں ہر ایک دکاندار نے اپنی تجاوزات قائم کررکھی ہے۔ مرغی بازار میں بھی دکانداروں نے دھونس دھاندلی جماتے ہوئے بازار کو باریک گلی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ تجاوزات قائم کرنے والوں کو میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کی مکمل سرپرستی حاصل ہے جس کی وجہ سے ریڑھی بانوں کو ہٹانے میں کسی میں ہمت نہیں جس کی وجہ سے کشادہ گلیاں اور سڑکیں تنگ راستوں کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔

خریداری کے لئے آنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی سرپرستی کیوجہ سے دکانداروں نے بازاروں میں ریڑھی بانوں کو کھڑا کرکے روزانہ کی بنیاد پر بھاری معاوضہ وصول کررہے ہیں جبکہ انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہواہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات کا عملہ بھی دکانداروں سے حصہ بقدر جثہ وصول کرتا ہے اور تجاوزات آپریشن سے قبل ریڑھی بانوں کو اطلاع کر دی جاتی ہے۔

قابلِ ذکر امر یہ ہے کہ سول لائن روڈ پر موبائل فونز سمز فروخت کرنے والے افراد نے دیدہ دلیری کے ساتھ اپنے ٹھیے قائم کررکھے ہیں جس کیوجہ سے ڈرائیورز اور کارروباری افراد میں نوک جھونک روزانہ کا معمول بن چکا ہے ، ٹریفک پولیس کے عدم دلچسپی و نااہلی کیوجہ سے شاندار چوک کے چاروں بازاروں میں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم ہیں جس کیوجہ سے ایمبولنس، فائر بریگیڈ سمیت دوسرے شہروں سے آنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن کلین اپ کروایا جائے تاکہ شہر کی سڑکیں کشادہ ہوسکیں اور شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button