جہلم میں نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں جوہڑ اور تالاب

جہلم: اندرون شہر عرصہ دراز سے نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث ذراسی بارش سے گلیاں اور سڑکیں جوہڑ و تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں، نالوں کا گندا پانی اور غلاظت سڑکوں پر پھیل جاتی ہے جس کے باعث راہگیروں کا گزرنا دشوار ہو جاتا ہے، شہریوں نے متعدد بارمیونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کروائی لیکن کوئی شنوائی نہ ہو سکی۔
چند روز قبل ہونے والی بارش نے جہلم شہر کی سڑکوں پر ہر طرف جل تھل کر دیا۔ سول لائن روڈ، شاندار چوک، مین بازار، نیا بازار سمیت دیگر اہم مقامات پر بارشی پانی جمع ہونے سے شہریوں کو کئی گھنٹے تک پانی اترنے کا انتظار کرنا پڑا۔
سڑکوں اور بازاروں میں نالوں کا گندا پانی پھیل گیا جس کے باعث کیچڑ اور غلاظت سے لوگوں کا پیدل گزرنا دشوار ہو گیا، بدبو اور تعفن سے علاقہ مکینوں اور دوکانداروں کو سخت ذہنی اذیت سے دو چار ہونا پڑا۔
اس صورتحال پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر میں نکاسی آب کے نالوں کی صفائی نہ ہونے کا نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں جن کی نااہلی کے باعث ذراسی بارش سے سڑکیں اور گلیاں نالوں کے گندے پانی سے بھر جاتی ہیں۔