پنڈدادنخان میں 16 روزہ آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر، چکوال کلب نے میدان مار لیا

پنڈدادنخان میں 16 روزہ آل پنجاب فٹ بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر، فائنل چکوال اور سٹی فٹ بال کلب پنڈدادن خان کے درمیان کھیلا گیا، چوہدری عابد جوتانہ اور راجہ زاہد ٹیپو فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے، چوہدری اسمعیل جوتانہ نے جیتنے والی ٹیموں میں ٹرافی، شیلڈیں اور نقد انعامات تقسیم کئے۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان میں سٹی فٹ بال کلب کے زیر اہتمام سولہ روزہ آل پنجاب فٹبال ٹورنامنٹ کا اختتام ہوگیا، ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے ایک درجن سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، انتہائی دلچسپ مقابلے ہوئے شائقین کی ایک بہت بڑی تعداد میچز دیکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آتی رہی اور کھلاڑیوں کی بہتر کارکردگی اور عمدہ کھیل کو سراہا جاتا رہا۔
ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پنڈدادنخان اور منڈی بہاؤالدین کے درمیان کھیلا گیا جبکہ فائنل سٹی فٹ بال کلب پنڈدادنخان اور چکوال کے درمیان کھیلا گیا جسے عمدہ کھیل کی بنیاد پر چکوال کلب نے دو گول سے جیت لیا، فائنل میچ کے مہمان خصوصی چوہدری عابدجوتانہ، راجہ زاہد ٹیپو اور چوہدری محمد اسماعیل جوتانہ تھے، مہمانوں کا انتہائی پر تپاک خیر مقدم کیا گیا ہار پہنائے گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے بینڈ باجوں اور ڈھولوں کی تھاپ پر پنڈال تک لایا گیا اور دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری عابد جوتانہ نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں تو توانا صحت مند قومیں تیار ھوتی ہیں۔ مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب رہنے سے نوجوانوں میں مثبت اور تعمیری سوچ ڈیویلپ ہوتی ہے۔
میچ کے اختتام پر چوہدری محمد اسماعیل جوتانہ نے جیتنے والی ٹیموں اور عمدہ کارکردگی کے حامل نوجوان کھلاڑیوں میں نقد انعامات کے علاوہ ٹرافیاں اور شیلڈیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد سٹی فٹ بال کلب کے گراؤنڈ میں موجود تھی جنہوں نے نے انتہائی عمدہ اور پنجاب لیول کا ٹورنامنٹ کرانے پر سٹی فٹ بال پنڈدادنخان کے نوجوانوں کو سراہا۔