جہلم

قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی ستھرائی کاناقص انتظام، فوڈ اتھارٹی خاموش

جہلم: شہر اور گردونواح کے قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی ستھرائی کاناقص انتظام، قصاب دکانوں میں بغیر جالیاں لگائے گوشت کی سرعام فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی معنی خیز خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔

تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں قصابوں اور مرغی کا گوشت فروخت کرنے والی دکانوں پر صفائی ستھرائی کا ناقص انتظام ہونے کی وجہ سے سارا دن گوشت پر مکھیاں مچھر و دیگر حشرات بیٹھتے اور غلاظت پھیلاتے رہتے ہیں بلکہ رات کے وقت پھٹوں پر جالیاں نہ ہونے کی وجہ سے آوارہ کتے انہیں پھٹوں کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیتے ہیں، ساری ساری رات ان پھٹوں پر لگے خون کو چاٹتے رہتے ہیں جو کہ طرح طرح کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔

شہر کے علاوہ مضافاتی علاقوں میں سلاٹر ہاؤس نہ ہونے کی وجہ سے لاغر و بیمار اور نیم مردہ جانوروں کوقصاب دیدہ دلیری کے ساتھ ذبح کرکے گوشت شہریوں میں فروخت کر دیتے ہیں اور پیسوں کی چمک کے کمال سے قانون نافذ کرنے والے ذمہ داران سب اچھا ہے کا راگ آلاپتے دکھائی دیتے ہیں۔

شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، عوامی تنظیموں کے عمائدین نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیاہے کہ قصابوں اور مرغی فروشوں کو دکانوں پر جالیاں لگانے اور نالوں پر قائم ہونے والی دکانوں پرگوشت لٹکائے جانے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق صحت مند جانوروں کا گوشت خرید کر استعمال کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button