راولپنڈی ڈویژن کے دل جہلم شہر کی سڑکیں بھی غیر قانونی بدترین تجاوزات کی لپیٹ میں آگئیں

جہلم: راولپنڈی ڈویژن کے دل جہلم شہر کی سڑکیں بھی غیر قانونی بدترین تجاوزات کی لپیٹ میں آ گئیں۔ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کی مبینہ ملی بھگت سے شہر کی اہم سڑکوں سمیت ملحقہ علاقوں کی سڑکوں پر بھی تجاوزات مافیا نے قبضے کرلئے۔
پختہ فوڈ کاؤنٹر کھوکھے شاپ، کھانے پینے کی اشیاء کے پوائنٹ فٹ پاتھوں سے بھی آگے پانچ سے بارہ فٹ تک سڑکوں پر بنا رکھے ہیں، جس کے باعث شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں، چھوٹی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کا بدترین جام رہنا بھی معمول بنتا جا رہا ہے۔
میونسپل کمیٹی کو نشاندہی کے باوجود تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن نہ ہونا میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
تفصیلات کے مطابق اولڈ جی ٹی روڈ، ریلوے روڈ، تحصیل روڈ، سول لائن روڈ سمیت شہر کے چوک چوراہوں سمیت اہم مقامات پر تجاوزات مافیا نے سڑکوں پر قبضے جما لئے ہیں، غروب آفتاب سے لیکر رات گئے تک شہریوں کا گزرنا محال ہو جاتا ہے، تجاوزات کے باعث شہریوں اور قبضہ مافیا کے درمیان تلخ کلامی لڑائی جھگڑے معمول بن گئے۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سے شہریوں نے درخواست کی کہ رات کے وقت مذکورہ شہر کی سڑکوں کا دورہ کریں تو پھر بھی میونسپل کمیٹی کی کارکردگی کھل کر سامنے آجائے گی۔