جہلم

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم سمیت اہم مقامات پر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم، ٹریفک عملہ غائب

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت اہم مقامات پر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم، ٹریفک عملہ غائب، ہسپتال سمیت سرکاری اداروں میں آنے والے مریضوں اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا، ڈی پی او، قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق اولڈ جی ٹی روڈ پر قائم ضلع جہلم کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال کے داخلی دروازے پر بااثر رکشہ ڈرائیوروں نے ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم کر رکھا ہے جو کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں ان کے لواحقین اور ہسپتال میں آنے والی ایمبولینسز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ کیوجہ سے ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ٹریفک پولیس کا عملہ سول ہسپتال کے قرب و جوار میں کہیں دکھائی نہیں دیتا جس کیوجہ سے رکشہ ڈرائیورز دیدہ دلیری کے ساتھ ہسپتال سمیت سرکاری اداروں کے باہر داخلی دروازوں پر غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ قائم کرکے اجارہ داری قائم کئے ہوئے ہیں،جس کیوجہ سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے ۔

ہسپتال سمیت سرکاری اداروں میں آنے والے سائلین اور مریضوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل متعدد مرتبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تحریری و زبانی طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن ٹریفک پولیس غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ کو ختم کروانے کی بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے جو کہ ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسر ڈاکٹر فہد احمد،قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیاہے کہ غیر قانونی رکشہ اسٹینڈ کو ختم کروایا جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور دیگر سرکاری اداروں میں آنے والے سائلین کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button