جہلم

جہلم فورم کی جہلم پرانچ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 4 کروڑ روپے کی امداد مہیا کر دی

جہلم: جہلم فورم کی جہلم برانچ نے سیلاب سے متاثرین کی امداد کے لیئے تقریباً چار کروڑ روپے کی امداد مہیا کی ہے۔

یہ بات جہلم فورم جہلم برانچ کے عہدیداران جن میں فرخ صدیق، رفیق چوہدری، راجہ نقاش، فرشاد کیانی، شفیق مغل، ڈاکٹر عصمت جاوید ملک اور سید طاہر محمود شاہ ایڈووکیٹ نے گزشتہ روز نجی ہوٹل میں ایک پر تکلف عشائیہ میں بتائی۔ یہ عشائیہ جہلم فورم کی مندرجہ بالا اس ٹیم کے اعزاز میں دیا گیا تھا جو یہ چار کروڑ کی امداد لے کر سیلاب کے متاثرین کے ان لوگوں کے پاس لے کر گئی تھی۔جو دور دراز علاقوں میں بے یار و مددگار پڑے ہوئے تھے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس چار کروڑ روپے کی خطیر رقم میں کسی بھی حکومتی ادارے یا نمائندے کا کوئی حصہ نہیں تھا بلکہ یہ ساری کی ساری رقم اپنی مدد آپ کے تحت انتہائی مختصر وقت میں جمع کی گئی تھی۔اس رقم سے راجن پور، ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور دیگر علاقوں کے سیلاب سے متاثرین کو امداد دی گئی۔ اس امداد میں کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے، خیمے اور گھروں کی بحالی کے لیئے نقد رقوم اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔اس کے علاوہ سیلاب سے متاثرین علاقوں کے ان متاثرہ قبائل جو پہاڑوں پر آباد تھے۔ انہیں خیموں وغیرہ کے عطیات دیئے گئے۔

مقررین نے کہا کہ جن علاقوں میں پینے کے لئے صاف پانی نہیں تھا وہاں بور کروانے کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں فلٹر پلانٹس لگا کر دیئے گئے۔ ان علاقوں میں علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں تھیں اورسرکاری و نجی ہسپتالوں کا فقدان تھا۔ لوگوں کو علاج معالجے کے لیئے دور دراز شہروں میں جانا پڑتا تھا۔چنانچہ جہلم فورم کی ٹیم نے مستقبل قریب میں ایک وسیع رقبے پر ایک ایسا ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا جو ناصرف تمام جدید ترین طبی سہولیات و مشینری سے آراستہ ہو گا بلکہ تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم بھی چوبیس گھنٹے اپنی طبی خدمات سر انجام دیا کرے گی۔

جہلم فورم جہلم برانچ کے عہدیداران نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ امداد کا یہ سلسلہ یہیں پر موقوف نہیں ہو گیا بلکہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، انہوں نے اس تقریب کے شرکاء کو بھی دعوت دی کہ وہ امدادی کاموں کے سلسلے میں جہلم فورم کی ٹیم کا حصہ بنیں۔

اس تقریب میں خواتین و حضرات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں سیدہ شاہدہ شاہ سینئر وائس پریزیڈنٹ جہلم فورم جہلم برانچ جہلم، مومنہ مہرو گوندل، عنبرین ملک، پروفیسر عفت شاکر، سرور بٹ، امجد فاروق گوندل ایڈووکیٹ، محمد ارشد احمد مرزا، طاہر برلاس، راجہ خضر حیات کیانی، شکیل احمد، ڈاکٹر شہزانہ امتیاز گائناکالوجسٹ، سید اختر علی شاہ، عزیز یعقوب، ایڈووکیٹ بلال اور ضلع جہلم کی دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر عصمت جاوید صدر جہلم فورم جہلم برانچ نے تمام شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد تمام شرکاء کو ایک پر تکلف عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ کے بعد یہ پر وقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button