دینہاہم خبریں

کراچی کے بعد بھتہ خور مافیا دینہ میں جی ٹی روڈ پر سرگرم، بھتہ خور گروپ نے اندھیر نگری مچادی

دینہ: کراچی کے بعد بھتہ خور مافیا جہلم کی تحصیل دینہ جی ٹی روڈ پر سرگرم، بھتہ خور گروپ نے اندھیر نگری مچا دی، ضلعی انتظامیہ بھتہ خور مافیا کے سامنے بے بس، گروہ کے ارکان نے جی ٹی روڈ سے گزرنے والے غریب ٹرانسپورٹروں سے روزانہ لاکھوں روپے بھتہ وصولی معمول بنالی، بھتہ نہ دینے والے ٹرانسپورٹروں کو سر عام تشدد کا نشانہ بنایا جانے لگا، ڈرانے دھمکانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے سے بھی گریز نہیں کیا جا تا، میونسپل کمیٹی دینہ کے ٹھیکیدار نے ٹرانسپورٹروں کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھیننے کی حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل دینہ کی انتظامیہ نے جنرل بس اسٹینڈ دینے کا ٹھیکہ ٹھیکیدارکودے رکھا ہے اورا سے پابند بنایا گیا کی جی ٹی روڈ سے گزرنے والی مسافر گاڑیوں ،ویگنوں ،بسوں، ہائی ایسسز سے فی کراس مقررہ ٹیکس وصول کیا جائے، بااثر ٹھیکیدار نے میونسپل کمیٹی کے احکامات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے خودساختہ نرخ مقرر کر کے وصولی شروع کررکھی ہے ٹرانسپورٹرز کے شور و اویلا کرنے کے باوجود بھتہ خور مافیا کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی قسم کی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا رہے،ٹھیکیدار کے کارندوں کو مقامی پولیس اور تحصیل انتظامیہ کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔

بااثر ٹھیکیدار نے میونسپل کمیٹی سے ٹھیکہ حاصل کر کے طے شدہ شیڈول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھتہ وصولی شروع کر رکھی ہے۔ بھتہ خوروں کا گروپ جس میں زیادہ تر تعداد نو جوانوں پر مشتمل ہے ، جو روزانہ کی بنیاد پر غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں سے روزانہ لاکھوں روپے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی اور مختلف روٹس سے آنے والی گاڑیوں کے عملے اور ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ دینہ جی ٹی روڈ پر پچھلے چند ماہ سے بھتہ مافیا پوری طرح متحرک ہے ایسے محسوس ہوتا ہے کہ مافیا کو مقامی انتظامیہ اور سیاست دانوں کی مکمل آشیر بادحاصل ہے جس کیوجہ سے ٹھیکیدار کے غنڈے بھتہ نہ دینے پر ڈرائیوروں اور گاڑیوں کے عملے کوتشددکا نشانہ بنانے سے گریز نہیں کرتے ، جس کی وجہ سے اپنی عزت محفوظ بنانے کے لئے ٹھیکیدار کے مقررہ کردہ نرخ ادا کرنے پڑتے ہیں۔

ٹرانسپورٹروں نے مزید بتایا کہ بھتہ نہ دینے والوں کوٹھیکیدا رکے غنڈے تشدد کرنے کے علاوہ مرغا بنانے اور بر ہنہ کر کے تشددکرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، ڈیمانڈ کے مطابق بھتہ دینے سے انکار کیا جائے تو قتل و غارت اور گاڑیوں کو آگ لگانے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں اور ٹرانسپورٹروں کو خوف زدہ کرنے کے لئے سر عام ڈنڈوں کی نمائش کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار کے خلاف مقامی پولیس اور تحصیل انتظامیہ کسی قسم کا نوٹس نہیں لے رہی۔ جس کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز بری طرح معاشی بدحالی کا شکار ہور ہے ہیں۔ درجنوں ٹرانسپورٹروں اور گاڑیوں کے عملے نے وزیراعلی پنجاب چیف سیکرٹری لاہور، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے جی ٹی روڈ دینہ کے مقام پر نافذ بھتہ خوری کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button