آئیسکو سرکل جہلم کے افسران کی عدم دلچسپی، شہر کے گلی، محلوں میں تاروں کے جال لٹکنے لگے

جہلم: آئیسکو سرکل جہلم کے افسران کی عدم دلچسپی، شہر کے گلی ، محلوں میں تاروں کے جال لٹکنے لگے، شہریوں کے سروں پر موت کے سائے منڈلانے لگے، شہریوں کا وفاقی وزیر پانی و بجلی سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر سمیت ملحقہ آبادیوں کے گلی، محلوں خصوصاً تجارتی مراکز شہر کے عین وسط میں بجلی کی بوسیدہ اور ننگی تاریں عرصہ دراز سے لٹکتی دکھائی دیتی ہیں جس کی وجہ سے تاجر و شہریوں کے سروں پر خوف کا سائے منڈلاتے رہتے ہیں ، تاہم جان و مال کاتحفظ نہ ہونے کیوجہ سے تاجر و شہری پریشانی میں مبتلا ہیں۔
شہریوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو اسلام آباد سے مطالبہ کیاہے، اندرون شہر کی آبادیوں سمیت ملحقہ آبادیوں کے گلی محلوں میں بچھائی گئی بجلی کی لٹکتی تاروں کے خاتمے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری بلا خوف و خطر معاملاتِ زندگی جاری رکھ سکیں۔