ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس، قائداعظم ڈے، کرسمس اور سال نو پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کی ہدایت

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر فہد احمد کی زیر صدارت قائداعظم ڈے، کرسمس اور نئے سال کے موقع پر سیکیورٹی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، محکمہ ہیلتھ، ہائی وے پولیس، ٹریفک پولیس، مسیحی پادری، سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ہائی الرٹ رہنے اور ضلع جہلم کے تمام چرچز کی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی، چرچز میں ہونے والے اجتماعات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے گی۔
اس حوالے سے ڈی آفس میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، چرچز کے انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس اور پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ ریسکیو 1122 تمام چرچز میں ہونے والے اجتماعات پر ایمرجنسی کوریج فراہم کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ون ویلنگ کو روکنے کے لیے موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر ادارے رابطے میں رہیں اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ون ویلنگ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے تاکہ خوشی کے موقع پر کوئی بھی ناگہانی واقع پیش نہ آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آئیسکو کو ہدایت کی کہ کرسمس کے موقع پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، پبلک پارکس کی سیکیورٹی اور مکینکل جھولوں کی انسپکشن کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم سی کو ہدایت کی کہ کرسمس سے پہلے کسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تمام سینٹری ورکرز کی تنخواہیں اور بونس بھی دیا جائے۔