جہلم کے مرکزی قبرستان میں جگہ ناپید، میتوں کو دفنانے میں شدید مشکلات کا سامنا

جہلم: مرکزی قبرستان میں جگہ ناپید ہونے کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن کی حدود میں وفات پانے والے افراد کی میتوں کو دفنانے میں شدید مشکلات کا سامنا، شہریوں کا منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی سمیت ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق شہر کے مرکزی قبرستان میں جگہ کی کمی کے باعث میتیں دفنانے کے لئے جگہ تلاش کر کے کھدائی کرنا پڑرہی ہے ،مردوں کی ہڈیاں نظر آنے پر گورکنوں کو جگہ تبدیل کرنی پڑتی ہے۔
جہلم کے منتخب عوامی نمائندوں نے انتخابات کے موقع پر قبرستان کے لئے جگہ خریدنے کے دعوے کئے ، کئی ماہ گزرنے کے باوجود تاحال قبرستان کے لئے جگہ نہیں خریدی جا سکی جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی کی حدود میں وفات پانے والے افراد کی میتوں کو شہر خاموشاں میں جگہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پرانی قبروں کو کھود کر دفنایا جا رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر سے قبرستان کے لئے اراضی مختص کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔