پنڈدادنخان میں محکمہ سوئی گیس کی غفلت اور نااہلی، گیس لیک ہونے سے علاقہ سیکورٹی رسک بن گیا

پنڈدادنخان: محکمہ سوئی گیس کی غفلت اور نااہلی علاقہ، سیکورٹی رسک بن گیا، نوازش شہید چوک شالیمار ہوٹل کے پیچھے گیس لیکج کئی ماہ سے جاری، متعدد بار آگ بھڑک اٹھی، محکمہ کا رویہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے اگر مسئلہ 2 دنوں میں حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔ مرکزی انجمن تاجران کا اعلان
مرکزی انجمن تاجران کے صدر چوہدری زیبر جمیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مین بازار سے ملحقہ شالیمار چوک آبادی کی لائن عرصہ دراز سے لیکج کا شکار ہے جس میں متعدد بار آگ بھڑک چکی ہے، سوئی گیس انتظامیہ کو بار بار کی اطلاعات کے باوجود کوئی نوٹس نہیں لیا گیا اور فرضی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے، گیس لیکج سے کسی وقت بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔
صدر انجمن تاجران چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ اگر 2 دنوں میں مسئلہ حل نہ ہوا تو بھرپور احتجاج کریں گے اور کشمیر چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔ اعلی حکام اس مسئلہ کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں اور فرضی کارروائی کا سلسلہ ختم کیا جائے بصورت دیگر بھرپور احتجاج کریں گے۔