جہلماہم خبریں

لگژری اشیاء پر غیرمعمولی ٹیکس، آئی فون 10 لاکھ کا ہو رہا ہے؟ بلال کیانی نے بڑا اعلان کر دیا

پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ کے مطالبے پر لگژری اشیا کی درآمد سے پابندی ہٹانے کا اعلان تو کر دیا ہے تاہم درحقیقت یہ اعلان صرف ایک تکنیکی ضرورت پوری کرنے کی حد تک رہے گا۔ حکومت ان اشیا پر اتنی غیر معمولی ڈیوٹی لگانے کا ارادہ رکھتی ہے کہ ان کی پاکستان میں خریداری تقریباً ناممکن ہو جائے گی۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال کیانی نے بتایا کہ پابندی کے خاتمے کا اعلان اس لیے کیا گیا ہے کہ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے قواعد کے تحت درآمدات پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا پاکستان سے مطالبہ تھا کہ یہ خلاف ورزی ختم کی جائے تاہم پاکستان لگژری اشیا کی درآمد کے ذریعے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ نہیں ڈالنا چاہتا ہے، اس لیے اس کی درآمد پر اتنی زیادہ ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی جائے گی کہ درحقیقت یہ پابندی برقرار ہی رہے گی۔

بلال کیانی کا کہنا تھا کہ اس ڈیوٹی کا مقصد ریونیو اکھٹا کرنا نہیں ہے بلکہ امپورٹ کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

اس سوال پر کہ کیا یہ منی بجٹ ہو گا اور اس کے لیے پارلیمنٹ کی منظوری لی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ درآمدات پر پابندی بھی کابینہ کی منظوری سے لگائی گئی تھی اور اس کا خاتمہ بھی کابینہ اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی منظوری سے ہی ہو گا اور اس حوالے سے عمل درآمد بہت جلد ہو گا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ بہت زیادہ ڈیوٹی کے بعد کیا اب آئی فون 10 لاکھ کا اور کورین نوڈلز ہزاروں روپے کی ملا کریں گی تو ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے۔ ’حکومت امپورٹس پر بلاواسطہ پابندی ہی لگا رہی ہے۔ چیزوں کو مہنگا بیچ کر ان سے ٹیکس اکٹھا کرنا مقصد نہیں بلکہ زرمبادلہ بچانا مقصد ہے۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button