محکمہ زراعت کی عدم توجہی، جہلم میں ناقص بیج اور 2 نمبر زرعی ادویات کی فروخت عروج پر

جہلم: محکمہ زراعت کے ذمہ داران کی عدم توجہی ضلع بھر میں ناقص بیج اور 2 نمبر زرعی ادویات کی فروخت عروج پر، جڑی بوٹی اور کیڑے مار 2 نمبر سپیرے، ادویات کو دھڑلے سے فروخت کیا جا رہا ہے۔
ضلع جہلم کا بیشتر علاقہ بارانی ہے یہاں زیادہ تر فصلوں کا انحصار بارشوں پر ہوتا ہے کسان طبقہ جو کہ پہلے ہی کھاد، ڈیزل اور دیگر اشیاء کی دن بدن بڑھتی ہوئی قیمتوں کیوجہ سے پریشان ہے کو جعلی اور2 نمبر بیج و زرعی ادویات فروخت کرکے انہیں مزید لوٹا جا رہا ہے جبکہ قومی معیشت بھی تباہ و برباد ہو رہی ہے۔
غریب کسان اپنا سب سرمایہ فصلوں کی بوائی پر لگا دیتے ہیں لیکن 2 نمبر اور ناقص و غیر معیاری بیج اور ادویات سے انہیں شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی بنیادی وجہ محکمہ زراعت کے افسران کی 2 نمبر بیج و زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کی سرپرستی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع بھر میں قائم بیج و زراعت کی دکانوں پر چیک اینڈ بیلنس کا نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے کسانوں کو جعلی بیج و زرعی ادویات فروخت کرنے والے بااثر دکاندار دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔
ضلع بھر کے زراعت پیشہ افراد نے وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں فرض شناس، ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے تا کہ کسانوں کی پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔