موسم کے انگڑائی لیتے ہی خشک میوہ جات کی دکانیں سج گئیں، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

جہلم: موسم کے انگڑائی لیتے ہی خشک میوہ جات کی دکانیں سج گئیں۔
خشک میوہ جات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی دکھائی دے رہی ہیں جس کے باعث متوسط اور غریب طبقہ کے افراد بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے ،موسم تبدیل ہوتے ہی شہر کے مختلف بازاروں اور بارونق چوک چوراہوں میں ڈرائی فروٹ فروخت کرنے والے دکانداروں نے اپنے سٹال بھی سجا لئے۔
خشک میوہ جات کی قیمتوں میں گزشتہ سالوں کی نسبت امسال بھی کئی گنا اضافہ ہو جانے کی وجہ سے متوسط اور غریب طبقہ کے افراد صرف بھاؤ پوچھنے تک ہی محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ ڈرائی فروٹ کی قیمتوں کا ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کبھی بھی تعین نہیں کیا جاتا جس کیوجہ سے خشک میوہ جات فروخت کرنے والے دکاندار بلا خوف و خطر شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔
اندرون شہر فروخت کئے جانے والے خشک میوہ جات غریب شہریوں کی قوت خرید سے باہر ہونا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔