جہلم میں ہوٹل مالکان کی من مانیاں عروج پر، ہوٹل مالکان شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے

جہلم: جہلم جی ٹی روڈ سمیت ضلع بھر کے ہوٹل مالکان کی من مانیاں عروج پر، ہوٹل مالکان شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے میں مصروف، غیر معیاری کھانے، نرخ فائیو سٹار ہوٹلوں کے وصول کئے جانے لگے، روٹی کی قیمت بھی 20 روپے کی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ سمیت ضلع بھر میں ہوٹلز مالکان من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، عام آدمی کیلئے ہوٹل سے دال روٹی کھانابھی محال ہو کر رہ گیا ہے جی ٹی روڈ سمیت شہر کے دیگر ہوٹل مالکان سادہ لوح عوام کی چمڑیاں ادھیڑنے میں مصروف عمل ہیں کوئی ادارہ پوچھنے والانہیں ،ہوٹلوں کیلئے سرکاری نرخ نامہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے من مانے نرخ وصول کئے جارہے ہیں ۔
بل مانگنے پربااثر ہوٹل مالکان اور ان کے کارندے گاہکوں سے گالی گلوچ اور بدتمیزی کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے، دال کے نرخ ڈیڑھ سو روپے سے2سو روپے فی پلیٹ، کلیجی 450 جبکہ بندگوبھی، کھیرے پر مشتمل سلاد بھی 100 روپے کا کر دیا گیا ہے۔
بااثر ہوٹل مالکان نے روٹی کے نرخ از خود بڑھا کر 20-30 روپے کر دیئے ہیں، عام آدمی کیلئے ہوٹل سے دال روٹی کھانا بھی مشکل ہو کر رہ گیا ہے غیر معیاری کھانوں کی شکایت کرنے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران ٹس سے مس نہیں ہوتے۔
شہریوںنے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم میں فرض شناس ایماندار افسران کو تعینات کیا جائے جو روزانہ کی بنیاد پر ہوٹلوں میں تیار ہونے والے کھانوں کی چیکنگ کریں اور ہوٹلوں کے اندر قائم باورچی خانوں کی چیکنگ کریں تاکہ شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے عین مطابق مقررہ نرخوں پر کھانے دستیاب ہو سکیں۔