تعلیم سے آگاہی؛ گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف اسپیشل ایجوکیشن کے زیر اہتمام واک کا انعقاد

جہلم: گورنمنٹ سیکنڈری سکول آف اسپیشل ایجوکیشن (بولنے اور سماعت سے محروم سکول بلال ٹاؤن) کے اساتذہ، طلباء اور طالبات نے تعلیم سے آگاہی پروگرام کے حوالے سے خصوصی واک کا انعقاد کیا، واک کا مقصد سپیشل بچوں کی تعلیم اور داخلے کے حوالے سے والدین میں شعور اجاگرکرنا تھا۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمیں سپیشل بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ یہ بچے فعال شہری بن سکیں اور اگر آپ کے اردگرد بھی اس طرح کے کوئی سپیشل بچے موجود ہیں تو انہیں فوری طور پر سپیشل ایجوکیشن سکول میں داخل کروائیں۔
اس موقع پر شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا تھا کہ تعلیم وہ روشنائی ہے جو انسان کو زندگی کی منازل سے روشناس کراتی اور آگاہی و شعور دیتی ہے تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کے کردار میں نکھار پیدا کردیتا ہے، آج ہم اپنی نسل نو پر اس سے بڑا کوئی احسان نہیں کرسکتے کہ ان کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں اور ان کے مستقبل کو کامیاب بنائیں، اس وقت قوم کی خدمت تعلیم سے بڑھ کر نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سیکنڈری آف اسپیشل ایجوکیشن وہ علمی درسگاہ ہے کہ جو گزشتہ کئی دہائیوں سے قوت سماعت اورقوت گویائی سے محروم بچوں میں علم کی روشنی بحال اور نسل نو کو علم کے زیور سے آراستہ کررہاہے اور یہ مستقبل میں بھی اسی طرح روشنیاں بکھیرتا رہے گا۔