جہلم

بااثر ٹرانسپورٹ مافیا اور سرکاری افسران کی ملی بھگت نے کرپشن کی تاریخ کو شرما کر رکھ دیا

جہلم: بااثر ٹرانسپورٹ مافیا اور سرکاری افسران کی ملی بھگت نے کرپشن کی تاریخ کو شرما کر رکھ دیا، چاروں تحصیلوں میں چلنے والی ویگنوں کو 15سیٹر پاس گاڑیوں میں اضافی سیٹیں لگا کر 22 سیٹر بنانے کے ساتھ ساتھ دوگنااضافی کرایہ وصول کرنا ٹرانسپورٹروں نے قانونی حق سمجھ رکھا ہے ۔

ان فٹ گاڑیوں کو غیر قانونی گیس سلنڈرز لگا کر چلتی پھرتی موت کا سامان بنانے والوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں نیز جہلم سے لاہور، جہلم سے راولپنڈی، جہلم سے منڈی بہاؤ الدین ،جہلم سے پنڈدادنخان، جہلم سے دینہ نیچے سے اوپر تک کوئی سرکاری افسرمسافروں کا پرسان حال نہیں ، ٹرانسپورٹر دیدہ دلیری کے ساتھ اضافی کرایہ وصول کرنے کے ساتھ ساتھ مسافروں کو بھیڑ بکریوںکی طرح گاڑیوں میں ٹھونس لیتے ہیں ۔

موٹر وہیکل ایگزمینر ، آرٹی اے سیکرٹری، ٹریفک پولیس، سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بااثر ٹرانسپورٹروں کو لوٹ مار کے لئے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جس کی وجہ سے غریب اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں مسافر روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹروں کو اضافی کرایہ ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی نااہلی و غفلت کی وجہ سے ضلع کے تمام روٹس پر چلنے والی گاڑیوں میں کرایہ نامہ نام کی کوئی چیز آویزاں نہیں اور گاڑیوں کا عملہ اس قانونی تقاضے سے مکمل لاعلم ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں نے ٹرانسپورٹروں کو ہر طرح کی چھوٹ دے رکھی ہے۔

شہریوں نے کمشنر راولپنڈی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں چلنے والی ٹرانسپورٹ کے عملے کو پنجاب روڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ کرایوں ناموں کے مطابق کرایہ وصولی کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری بہتر طریقے سے سفری سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button