لندن: میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ہنسلو میں17سالہ سمرجیت سنگھ نانگپال کے قتل کے الزام میں چار افراد کو چارج کر دیا گیا۔
میٹ پولیس کے مطابق بدھ کو مقامی وقت 00:13جی ایم ٹی پر ویسٹ لندن کے شہر ہنسلو میں برکٹ کلوز میں مبینہ جھگڑے پر پولیس آفیسرز کو طلب کیا گیا تھا، جہاں17سالہ مسٹر سمرجیت سنگھ نانگپال چاقو کے زخموں کے ساتھ پایا گیا اور جائے وقوع پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔ اس کے قتل کے الزام میں21سالہ امندیپ سنگھ، 27 سالہ منجیت سنگھ، 31 سالہ اجمیر سنگھ اور 71 سالہ پورن سنگھ ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ میں پیش ہوں گے۔
میٹ پولیس نے کہا کہ چاروں افراد کا تعلق ویسٹ لندن کےعلاقے سائوتھ ہال سے ہے اور ان کو جائے وقوع سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں سے دو افراد کو زخمی ہونے کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا۔ یہ زخم انہیں پولیس کی آمد سے پہلے لگے تھے۔ پولیس فورس نے مزید کہا کہ سمرجیت سنگھ کا تعلق ساؤتھ ہال ایریا سے ہے اور سپیشلسٹ آفیسرز اس کے خاندان کو سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔
ڈیٹیکٹیو سپرنٹنڈنٹ فیگو فروزان نے کہا کہ دکھ کے اس انتہائی مشکل وقت میں ہماری تمام تر ہمدردیاں اور خیالات سمرجیت کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ کسی بھی خاندان کو ان حالات سے نہیں گزرنا چاہئے، جس کا وہ سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قتل کا یہ افسوس ناک واقعہ بلاشبہ وسیع تر کمیونٹی کیلئے تشویش کا باعث بنے گا اور میں کمیونٹی کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم اس قتل کے ذمہ داروں کو تلاش کرنے اور انجام تک پہنچانے کیلئے اپنی تمامتر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں آپ اپنے علاقے میں اضافی پولیس آفیسرز کو گشت کرتے ہوئے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی فرد کو کسی بھی حوالے سے کوئی تشویش ہے تو وہ براہ کرم پولیس سے بات کرے۔