پنڈدادنخان

تحصیل پنڈدادنخان میں ہفتہ وار صفائی مہم صرف فوٹو سیشن تک محدود، جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر

پنڈدادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ہفتہ وار صفائی مہم صرف فوٹو سیشن تک محدود، تحصیل بھر میں جگہ جگہ کھڑا گندا پانی اور غلاظت کے ڈھیروں نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، بدبو اور تعفن کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا، شہری انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف سراپا احتجاج۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق پنجاب بھر میں ہفتہ صفائی مہم کے تحت گلی محلوں میں صفائی کا کام کروایا گیا لیکن تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف علاقوں اور بالخصوص پنڈدادنخان شہر میں تاحال جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، صفائی کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث متعدد گلی محلے گندے جوہڑوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی بے حسی کے باعث ہفتہ صفائی مہم بری طرح ناکام ہوچکی ہے بدبو اور تعفن کے باعث سانس لینا محال ہوگیا۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پہلے تو صفائی کا عملہ آتا ہی نہیں اور اگر آبھی جائے تو چیک اینڈ بیلنس کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث عملہ نالے نالیوں کی غلاظت نکال کر گلیوں کے بیچ میں ہی پھینک کر چلا جاتا ہے جبکہ میٹ حضرات دفاتر تک محدود رہ کر سب اچھا کی رپورٹ دیتے ہیں جس کے باعث مختلف بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ صفائی کے موثر اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے عملی کام کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button