محکمہ جنگلات کی ملی بھگت یا غفلت؟ تحصیل پنڈدادنخان کے جنگلات میں لکڑی کی کٹائی کا سلسلہ تھم نہ سکا

پنڈدادنخان: محکمہ جنگلات کی ملی بھگت یا غفلت؟ تحصیل پنڈدادنخان میں جنگلی لکڑی کی کٹائی کا سلسلہ نہ تھم سکا، اوورلوڈٹر یکٹر ٹرالیوں پر جنگلی کیکروں سمیت قیمتی لکڑی جپسم فیکٹریوں میں فروخت ہونے کا انکشاف، پنڈدادنخان میں درخت لگاؤ کی بجائے درخت کٹاو مہم زور و شور سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پنڈدادنخان میں محکمہ جنگلات کی مبینہ ملی بھگت سے جنگلی کیکروں، پھلا سمیت قیمتی لکڑی کی کٹائی کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے، صبح ہوتے ہی لکڑی سے بھری اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں جپسم فیکٹریوں سمیت مختلف مقامات پر لکڑی سپلائی کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
کھیوڑہ کے پہاڑوں سمیت تحصیل پنڈدادنخان کے مختلف علاقوں لِلہ ٹاؤن، ٹوبھہ، وگھ، جلالپور چمکون ویلی پنڈ سوکیہ سے مبینہ طور پرجنگلی کیکراور پھلا سمیت قیمتی لکڑی کی چوری کا سلسلہ عر صہ دراز سے جاری ہے جبکہ لکڑی سے بھری اوورلوڈ گاڑیوں کے چیک اینڈ بیلنس کے کوئی موثر اقدامات نہیں ہیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مبینہ طور پر چوری شدہ لکڑی کی گاڑیوں کی سپلائی کے ریٹ مقرر ہیں جن کو محکمہ جنگلات کے اہلکاروں سمیت پولیس بھی نہیں پوچھتی، جلالپورشریف میں قائم جنگلات کا آ فیس ہونے کے باوجود لکڑی چوری کٹائی اور فروخت کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث تیزی سے تحصیل پنڈدادنخان درختوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہورہی ہے۔
عوامی سماجی حلقوں نے محکمہ جنگلات کے افسران سمیت اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ چیک اینڈ بیلنس کے موثر اقدامات کیے جائیں اور غیر قانونی لکڑی کی کٹائی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کاروئی عمل میں لائی جائے۔