ریٹائر ہونے والے تمام سینئرز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا سرمایہ ہے۔ ڈاکٹر عدنان نجب

جہلم: کسی بھی ادارے کی ملازمت سے ریٹائرڈ ہونے والے افراد خود کو مصروف اور قابل عمل زندگی سے فارغ سمجھنے لگتے ہیں، کام کی فکروں سے آزاد طبی ماہرین کو ایک شام مصروف رکھنے اور ڈاکٹر کمیونٹی میں اتفاق اتحاد کی فضا کو قائم کرنے کیلئے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جہلم کے زیر اہتمام نجی ہوٹل پہ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔
ڈنر میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارنے والے سابق صدر پی ایم اے جہلم ڈاکٹر ظفر محمود خواجہ، ڈاکٹر نصیر احمد، سابق ایم ایس ڈاکٹر خالد محمود، سابق ایم ایس ڈاکٹر شوکت محمود، ڈاکٹر سید شبیر اختر شاہ، ڈاکٹر میجر نبیلہ، ڈاکٹر میجر اظہرہ سمیت رئٹائرڈ ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
جنرل سیکرٹری پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن جہلم اور معروف ماہر امراض سینہ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیئے۔
تقریب میں نوجوان ڈاکٹرز کی کمی پورا کرنے کیلئے صدر پی ایم اے ڈاکٹر عدنان نجب نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے کہا کہ آپ اس وقت کو یاد کر سکتے ہیں جب آپ زندگی کی ڈور میں محنت ور جدوجہد کرتے تھے۔ ریٹائرمنٹ پانے والے تمام سنیرز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا سرمایہ ہے، ہمیں سینئرز کے تجربات سے مستفید ہوناچاہیے۔
تقریب کے دوران ریٹائرڈ ڈاکٹرز نے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات افراتفری کے دور میں تازہ ہوا کا جھونکا محسوس ہوتی ہیں۔