موجودہ حکومت قوم کے لئے باعث عذاب ثابت ہو رہی ہے۔ چوہدری رضوان منور

جہلم: مائنس عمران فارمولہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا، موجودہ حکومت قوم کے لئے باعث عذاب ثابت ہو رہی ہے، غریب عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر امپورٹڈ حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں، منی بجٹ سے مہنگائی کا سیلاب اُمڈ آیا۔
ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری رضوان منور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آمدہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی اور انشاء اللہ رب العزت کی مہربانی سے عمران خان دوبارہ بھاری اکثریت سے وزیر اعظم منتخب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام پر ایک عذاب کے طور پر نازل ہوئی ہے ان لوگوں نے تمام طبقات کو مشکل ترین حالات میں دھکیل دیا ہے آج عوام انہیں جھولیاں اٹھا اٹھا کر بددعائیں دے رہے ہیں، امپورٹڈ حکمرانوں کی خواہش ہے کہ عوامی لیڈر عمران خان کو کسی نہ کسی بہانے مائنس کیاجائے۔ لیکن ان کی خواہشات ادھوری رہ جائیں گی جس طرح کا سلوک امپورٹڈ حکومت عوام کے ساتھ کررہی ہے حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے جس طرح مہنگائی کا سیلاب منی بجٹ کی صورت میں لایا گیا ، غریب عوام تڑپ رہی ہے، پوری پی ڈی ایم الیکشن سے بھاگتی دکھائی دے رہی ہے، مریم نواز جلسے کرنے کی بجائے ورکر کنونشن کرنے کو ترجیح دے رہی ہے کیونکہ جلسوں کے لئے پنڈال سجانا پڑتا ہے اور ورکر کنونشن کے لئے کمرے کے اندر ڈرامہ رچا لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے جھوٹے مقدمات بنانے کی بجائے اپنے آپ کو عہدے سے الگ کرکے محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیا ہے جس پر ہم چیئرمین نیب کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ الیکشن کمشنر بھی چیئرمین نیب کی پیروی کرتے ہوئے بہت جلد علیحدگی اختیار کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کو بہتر بنانے کے لئے عام انتخابات کے علاوہ کوئی حل موجود نہیں ۔