جہلم میں نان بائیوں نے خود ساختہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر لیا

جہلم: نان بائیوں نے خود ساختہ نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافہ کر لیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نان بائیوں و تندور مالکان کی من مانی قیمتوں کے آگے مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔
شہر و گردونواح میں موجود نان بائی و تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 12 روپے سے 15 روپے اور نان کی قیمت18 روپے کی بجائے 20 روپے میں فروخت کر کے خود ساختہ قیمتوں میں اضافہ کر کے مہنگائی سے ستائی عوام کو مزید پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔
علاقہ بھر کی سماجی، رفاعی، شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ زبانی خرچ تقسیم کرے سب اچھا ہے کا راگ آلاپ رہی ہے جبکہ عملی طور پر تاجر انتظامیہ کے مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش فروخت نہیں کر رہے۔
عمائدین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گڈ گورننس کے دعوں کے سوا کچھ نہیں کرسکتی صرف غریب افراد کا استحصال ہو رہا ہے کبھی آٹا، چینی گھی، کوکنگ آئل ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کی پریشانیوں کو بڑھا دیا جاتا ہے تو کبھی اشیاء خوردونوش غائب کرکے شہریوں کو ذہنی تناؤ کا شکار بنا دیاجاتا ہے۔
سماجی، رفاعی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت غریب کش پالیسیاں ترک کر کے عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے تا کہ غریب سفید پوش طبقہ اپنے بچوں کو 2 وقت کی روٹی مہیا کر سکیں۔