پٹرول مہنگا ہونے کے بعد مسافروں پر پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں کا بم گرا دیا

جہلم: پٹرول مہنگاہونے کے بعد مسافروں پر پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں کا بم گرا دیا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی خاموش تماشائی، مسافر لٹنے پر مجبور، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کرمقامی ٹرانسپورٹرز نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے از خود کرایوں میں غیر معمولی اضافہ کرکے مسافروں کی کھال ادھیڑنی شروع کررکھی ہے جبکہ رکشہ ڈرائیوروں نے بھی سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں 10 روپے کا من مانا اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیاہے کہ پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں کو گاڑیوں کے اندر اور جنرل بس اسٹینڈ میں آویزاں کروایا جائے، اضافی کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور رکشہ ڈرائیوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ غریب اور سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے مسافروں کو ریلیف مل سکے ۔