ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری مسلسل تیسری بار امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم منتخب

جہلم: جماعت اسلامی پنجاب کے امرائے اضلاع کا انتخاب مکمل ،ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری مسلسل تیسری بار امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم منتخب، مرکزی امیر سراج الحق نے تقرری کی منظوری دے دی، امیر صوبہ پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے نو منتخب امراء کے ناموں کا اعلان کر دیا، صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے ضلعی امراء کا انتخاب جماعت کے قیام کے روز اول سے ہر دو سال بعد باقاعدگی سے ہو رہا ہے، ضلعی امراء کی مدت امارت یکم نومبر سے شروع ہو کر دو سال بعد 31 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوتی ہے۔ جماعت اسلامی میں کسی بھی سطح کے انتخابات کیلئے امیدوار نہیں ہوتا بلکہ ارکان جماعت اپنے میں سے ہی کسی ایک رکن کو جسے وہ اہل ترین سمجھتے ہیں ،خفیہ رائے دہی کے ذریعے اپنا امیر ضلع منتخب کرتے ہیں ۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری گزشتہ دو ادوار میں بھی امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم رہ چکے ہیں اور اب مسلسل تیسری دفعہ منتخب ہوئے ہیں۔ ارکان و کارکنان جماعت اسلامی ضلع جہلم نے ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کے انتخاب پر ان کیلئے استقامت کی دعا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ پہلے سے بھی بڑھ کر بہتر طور پر جماعت کا کام کریں گے۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری عنقریب اپنے عہدہ کا حلف اٹھا کر نئی مدت کیلئے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔