
دینہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکسز کے خلاف شدید احتجاج، حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں غریب 2 وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے ہم امریکہ کی غلامی نامنظور نامنظور، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اپنی کرسی کے چکر میں عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں ، عوام اگست کے بل جمع نہ کروائے، ظالمانہ فیصلے کو واپس نہ لیا گیا تو اگلا قدم اسلام آباد کی طرف ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکسز کے خلاف مین چوک میں شدید احتجاج کیا گیا ، کارکنوں نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ تقریب سے جماعت اسلامی ضلع جہلم کے امیر ڈاکٹر قاسم محمود، راجہ ندیم احمداور حبیب رضا بٹ نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ظالم حکمرانوں عوام پر ترس کھاؤ ، غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے سارا دن مارا مارا پھرتا ہے اور تم نے ٹیکسز کی مد میں ہزاروں روپے کے بل عوام کو بجھوا دیے جس سے آپ اپنی عیاشیوں پر خرچ کر رہے ہیں ، اگر اس اضافی ٹیکس کو ختم نہ کیا گیا تو بہت جلد اسلام آباد کی طرف مارچ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کبھی بھی عوام کی خیر خواہ نہیں ہے، وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی گجرات کے وزیراعلی بن گئے ان کو صرف گجرات کی فکر ہے اور ڈویژن بنانے میں لگے ہو ئے ہیں ، دینہ کی عوام نے باہر نکل کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی غلامی منظور نہیں ہے، اگر یہی حالات رہے تو قوم بہت جلد ان تک پہنچ جائے گی، حکومت فی الفور بلوں پر اضافی ٹیکسز کو ختم کرے اور غریب عوام پررحم کرے۔