جہلم

محکمہ جنگلات نئی نسل کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دے رہا ہے۔ سدھیر احمد مغل

جہلم: محکمہ جنگلات کی ڈائمنڈ جوبلی شجرکاری تقاریب جہلم سمیت ضلع بھر میں جاری ہیں، اسی ضمن میں چاروں تحصیلوں میں شجرکاری فیسٹیولز منعقد کئے جارہے ہیں، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے گزشتہ روز سیشن کورٹ کے احاطہ میں پودا لگایا۔

اس موقع پر سدھیر احمد مغل نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درخت کڑی دھوپ میں ہمیں چھاؤں مہیا کرتے ہیں اور گرمی کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول کو آلودگی سے بچاتے ہیں درخت ہی ہمیں مختلف اقسام کے مفید اور خوبصورت پھل مہیا کرتے ہیں درختوں کو ہم ایندھن سمیت اپنے لئے خوبصورت فرنیچرز اور دیگر اہم ترین ضروری اشیاء بنانے کے لئے استعمال کرتے ہیں درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس کا اجر و ثواب ہماری وفات کے بعد بھی ہمیں ملتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری اپنے گھر اور علاقے کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے اپنے حصے کے پودے ضرور لگائے ۔ معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ گرین پاکستان کیلئے اپنی ذمہ داری محسوس کرے اور تمام شہری سر سبز پاکستان کی بقا کیلئے اپنا کردار لازمی ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری وقت کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے۔شجرکاری ملک کیلئے ویسے ہی ضروری ہے جیسا زندگی کیلئے سانس لینا۔

ڈویژنل فاریسٹ آفیسر سدھیر احمد مغل نے کہا کہ محکمہ جنگلات نئی نسل کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو فروغ دے رہا ہے۔ اس ضمن میں سکولوں کے طلبا کو بالخصوص شجرکاری بارے آگاہی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں شجرکاری کے حوالے سے دلچسپی پیدا ہونا اک خوش آئند اور حوصلہ افزا امر ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ جنگلات نئی نسل کے تعاون سے بہت جلد ضلع بھر کو سرسبز بنانے اور بالخصوص ٹین بلین ٹری پروگرام کا ٹارگٹ پورا کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button