ضلع جہلم میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ فوٹو سیشن تک محدود

جہلم: ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ فوٹو سیشن تک محدود، دریائے جہلم کے کنارے کچرہ کنڈی میں تبدیل، دریائے جہلم اور کالا گجراں کے مقا م پر شہر بھر کی گندگی اور غلاظت سے مچھروں کی افزائش جاری، موذی امراض پھوٹنے کا خدشہ، انتظامیہ فوگ سپرے کرنے کی بجائے فوٹو سیشن کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوانے میں مصروف ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کی غفلت اور سستی کے باعث اندرون شہر کے گلی محلوں میں کچرے کنڈی کے ٹیلے لگے ہوئے ہیں ، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ نے شہر کی غلاظت ڈمپ کرنے کے لئے کالا گجراں کے مقام پر جگہ ٹھیکے پر حاصل کر رکھی ہے۔
میونسپل کمیٹی کے شعبہ سینٹیشن کے ذمہ داران 20 کلو میٹر سفر کرنے کی بجائے دریائے جہلم کے کنار ے گندگی پھینک رہے ہیں ، جس کیوجہ سے دریا میں موجود آبی حیات کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہیں اور شہر سے ملحقہ دریا ء میں گندگی کے ٹیلوں کی وجہ سے مچھروں کی افزائش میں بے پنا اضافہ ہو چکا ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ ڈیزل کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے کا سرکاری خزانے کو چونا لگا رہی ہے ، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ شہر سے باہر کوڑے کرکٹ کو ڈمپ کیا جائے تاکہ شہری مکھیوں اور مچھروں سے محفوظ رہ سکیں ۔