پنڈدادنخان: اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان انور علی کانجو نے تحصیل پنڈدادنخان میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
انہوں نے متحرک (خانہ بدوش) آبادی نزد خورشید ہوٹل پنڈدادنخان میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد علی ملک کی سربراہی میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پلائے۔
واضح رہے کہ پورے پاکستان میں مورخہ 2 اکتوبر تا 6 اکتوبر 2023 کو انسداد پولیو کی قومی مہم منائی جا رہی ہے، جس میں پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر محمد علی ملک نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2023 میں تا حال ملک میں پولیو کے 2 کیس کنفرم ہوئے ہیں اور دونوں کیسز کا تعلق متحرک (خانہ بدوش) آبادی ہے جس کی وجہ سے اس مہم کا افتتاح اور آغاز متحرک آبادی سے کیا گیا ہے اور ان کو پولیو سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی اہمیت و افادیت بھی سمجھائی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پنڈدادنخان ڈاکٹر محمد علی ملک نے اسسٹنٹ کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس مہم کے لیے تحصیل پنڈدادنخان کی کل 16 یونین کونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر ٹوٹل60221 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کے لئے تحصیل بھر میں کل 279 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ تحصیل کے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں کل 19 فکسڈ ٹیمیں اور لاری اڈوں وغیرہ پر کل 7 ٹانزٹ ٹیمیں کام کریں گی۔ان سب کی نگرانی کے لئے محکمہ صحت کے ضلعی افسران کے علاوہ 57 ایریا انچارجز اور 16 یونین کونسل مینجمنٹ آفیسر UCMO کام کر رہے ہیں۔
انسداد پولیو مہم کے لئے یونین کونسل پنڈ دادن خان اربن کے UCMO محمد عبدالحئی نے بتایا کہ اس مہم میں چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے کیپسول بھی دیے جائیں گے۔ عوام الناس سے اپیل ہے کہ تمام پولیو ورکرسے تعاون کرتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنائیں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچائیں۔