انتظامیہ کی ملی بھگت سے نرسری مالکان کا غیرقانونی طور پر جی ٹی روڈ جہلم کے دونوں اطراف قبضہ

جہلم: انتظامیہ کی ملی بھگت سے نرسری مالکان کا غیرقانونی طور پرجی ٹی روڈ کے دونوں اطراف قبضہ ، موٹر وے پولیس کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی ، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف قبضہ مافیا نے پنجے گاڑھ رکھے ہیں ، راٹھیاں سے جہلم شہر تک جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف بااثر افراد نے نرسریاں قائم کررکھی ہیں ، جبکہ دکانداروں نے بھی این ایچ اے کی انتظامیہ کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سڑک کو دکانوں کے حصے میں شامل کرکے تجاوزات قائم کرکے کارروبار شروع کررکھے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ این ایچ اے انتظامیہ ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کرنے کی بجائے تجاوزات مافیا کی سرپرستی کررہی ہے جس کیوجہ سے جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف بااثر دکانداروں نے دکانوں کا سامان سروس روڈ پر سجا رکھاہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ سروس روڈ شہریوں کی سہولت کے لئے قائم کی گئی ۔ این ایچ اے اور موٹر وے پولیس کی عدم دلچسپی کیوجہ سے بااثر افراد نے قبضے جما رکھے ہیں ، سڑک پر پارکنگ کے لئے مناسب جگہ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں۔
شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیاہے کہ جی ٹی روڈ پر قائم ہونے والی نرسریوں اور تجاوزات قائم کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ جی ٹی روڈ کشادہ ہو اور حادثات میں کمی واقع ہو سکے ۔