جہلم میں پانی کی سپلائی میں نالیوں کے گندے پانی کی آمیزش، شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے

جہلم: شہر ی علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے پانی کی سپلائی میں نالیوں کے گندے پانی کی آمیزش ،گندے پانی کے استعمال سے شہری مختلف موذی بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر و گردونواح میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پانی کی سپلائی کے پائپ بوسیدہ و زنگ آلود ہونے کے باعث مختلف مقامات پر زیر زمین پائپ ٹوٹنے سے تقریباً 2 اڑھائی سالوں سے مختلف مقامات پر واٹر سپلائی کا پانی سڑکوں پر بہہ رہاہے۔
متعدد مقامات پر پائپ ٹوٹنے کے باعث گٹروں اور نالوں کا گندا پانی ان واٹر سپلائی کے پائپوں میں شامل ہوکر شہریوں کے گھروں میں فراہم کیا جا رہاہے جس کے استعمال سے شہری مختلف قسم کے موذی امراض ہیپاٹائٹس ، معدہ ، جگر کے امراض ، جوڑوں کا درد سمیت پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہم نے میونسپل کارپوریشن میں پینے کے لئے فراہم کئے جانے والے گندے پانی کے بارے میں متعدد با ر تحریری و زبانی طور پر آگاہ کر چکے ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن کے شعبہ پبلک ہیلتھ میں تعینات ذمہ داران پائپوں کی مرمت کے حوالے سے دلچسپی نہیں لیتے جس کی وجہ سے شہری بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
3عوامی سماجی،رفاعی ، فلاحی حلقوں سمیت شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لیکر نالیوں کے گندے پانی کی آمیزش کو ختم کرکے پینے کے لئے صاف پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔