جہلم میں کم عمر اور بزرگ رکشہ ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع نہ ہو سکا

جہلم سمیت ضلع بھر میں کم عمر رکشہ ڈرائیورز اور بزرگ چنگ چی ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع نہ ہو سکا۔ ٹریفک پولیس ، سیکرٹری آرٹی اے کم عمر ، ادھیڑ عمر رکشہ ڈرائیوروں کے خلاف کارروائیاں کرنے سے گریزاں، حادثات روزانہ کا معمول بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر میں کم عمر رکشہ ڈرائیوروں اور بزرگ ڈرائیورز کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہو رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ رکشہ ڈرائیورز چنگ رکشوں کو چوک چوراہوں اور سڑک کے عین وسط میں کھڑا کرکے سواریاں بٹھانا شروع کر دیتے ہیں ، جس کیوجہ سے رکشہ ڈرائیوروں، موٹر سائیکل سواروں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔
قابل ذکر امر یہ ہے کہ شاندار چوک سمیت شہر کے تمام چوک چوراہے ٹریفک پولیس کے ذمہ داران تعینات نہ ہونے کی وجہ سے لاوارث دکھائی دیتے ہیں، جس وجہ سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سول ہسپتال، جادہ چونگی، روہتاس روڈ، محمدی چوک، کچہری چوک، چوک گنبد والی مسجد، جی ٹی ایس چوک سمیت دیگر اہم مقامات پر ٹریفک پولیس کے ملازمین تعینات نہ ہونے کیوجہ سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔