حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی کیلئے عوام پر اربوں کے ٹیکسز لگا دیئے ہیں۔ خلیل کاظمی

جہلم: شہر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی کیلئے عوام پر اربوں کے ٹیکسز لگا دیئے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی منڈی میں کمی کے باوجود بے تحاشہ اضافہ کر کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت، وزیراعظم، وزیروں مشیروں اور معاونین کی فوج، اعلی عدلیہ کے ججز سرکاری گاڑیوں میں مفت کے پٹرول سے عیاشیاں کرنے میں مصروف عمل ہیں اور ملک بھر میں لاکھوں سرکاری گاڑیوں میں 3 سو ارب روپے کا مفت پٹرول جھونک دیا جاتا ہے ۔ اس طرح اشرفیہ غریب عوام کا گاڑیوں میں خون نچوڑ کر استعمال کر رہی ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے صدر مملکت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سمیت اسسٹنٹ کمشنر تک سرکاری افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کو نیلام کر کے پٹرولیم مصنوعات کی بچت کی جائے تاکہ ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہو سکیں۔