الیکشن کمیشن نے بلاجواز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دیا ہے۔ فراز چوہدری

جہلم: توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دے دیا، عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آتے ہی دیگر شہروں کی طرح پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین کی قیادت میں جی ٹی روڈ جادہ کے مقام پر دونوں اطراف ٹائر جلا کر بند کر دی۔
احتجاج کرنے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے چوہدری ظفر اقبال، ضلعی و سٹی تنظیموں کے عہدیداران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی، قابل ذکر بات یہ ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے احتجاج میں تاجروں اور وکلاء کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر چوہدری فراز حسین سمیت مقررین نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلاجواز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دیا ہے جس سے الیکشن کمشنر کی بدنیتی واضح ہوتی ہے۔
قائدین کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ملک بھر میں ضمنی الیکشن منعقد ہوئے جس میں عمران خان کو اہل قرار دے کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا، وطن عزیز کے مختلف قومی اسمبلی کے 6 حلقوں اور پنجاب اسمبلی کے 2 حلقوں سے بھاری کامیابی کے بعد حکومت نے الیکشن کمشنر کو ڈھال بناتے ہوئے بے بنیاد، من گھڑت الزامات عائد کرکے نااہل قرار دلوایا ہے ، جسے کسی صورت قبول نہیں کریں گے ، اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان امپورٹڈ حکمرانوں ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔
کارکنوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹایا جائے فرض شناس ، ایماندار شخص کو الیکشن کمشنر تعینات کیا جائے تاکہ ملک میں پھیلی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔