
سوہاوہ: تحصیل سوہاوہ میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔اس مہم کا آغاز گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فاروویمن میں 50 پودے لگا کر کیا گیا جس میں ایم پی اے او پارلیمانی سیکریٹری راجہ یاور کمال، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ قدسیہ ناز،راجہ توقیر سپریٹینڈنٹ واپڈااور ایس ڈی او فارسٹ محمد عتیق نے شرکت کی۔
اس موقع پر راجہ یاور کمال کا کہنا تھا کہ حکومت ضلع بھر میں 13 لاکھ پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر چکی ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم اس مہم کو دو ماہ کے اندر اندر مکمل کر لیں محکمہ جنگلات کی طرف سے 4 لاکھ پودے لگائے جائے چکے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنرقدسیہ ناز نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہے اور ہر سال پوری دنیا میں پاکستان ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر آتا ہیں، اس وقت پاکستان میں سبزے کا تناسب صرف دو فیصد ہے حکومت کی اس کوشش میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے اور کم ازکم ہر بندے کو ایک پودا ضرور لگانا چاہئے۔
راجہ توقیر لائن سپریٹینڈنٹ واپڈااور ایس ڈی او فارسٹ محمد عتیق نے اس موقع پر کہا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے ہم بھی جب محکمانہ طور پر کام کر تے ہیں تو اگر کسی جگہ کوئی درخت رکاوٹ پیدا کرے تو ہم اسے جڑ سے اکھاڑنے کی بجائے اس کی صرف اتنی تراش خراش کرتے ہیں کہ وہ ہمارے کام میں رکاوٹ نہ بنے یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اگر ہم درخت لگا نہ سکیں تو کم ازکم لگے ہوئے درختوں کی حفاظت ضرور کریں تاکہ مستقبل میں ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے ہونے ولای بیماریوں سے بچ سکیں۔