جہلم

سوئی گیس کے صارفین کو اقساط کی سہولت بحال کی جائے۔ شہری و سماجی حلقے

جہلم: شہر کی سماجی ، رفاعی ، فلاحی ، شہری تنظیموں کے عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کے صارفین کو اقساط کی سہولیت بحال کی جائے، اور کنکشن منقطع کرنے والے سٹاف کو ہدایت کی جائے کم از کم پہلی عدم ادائیگی پر صارفین کے میٹر نہ اتارے جائیں، ری کنکشن فیس کے نام پر غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے ، محکمہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن میں بیٹھے ہوئے کمیشن مافیا نے ہر سطح پر کمیشن اور کرپشن کے کلچر کی حوصلہ افزائی شروع کررکھی ہے۔

عمائدین کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی گیس و بجلی کی چوری عوام کے کھاتے میں ڈال کر ہر سال اربوں روپے عوام کی جیبوں سے سرکاری خزانے میں منتقل کئے جارہے ہیں ، جبکہ اس چوری میں ملوث محکموں کے افسران و اہلکار شامل ہیں متعلقہ محکموں کے سربراہان اس چوری کا سد باب کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ چوری کے کروڑوں روپے غریبوں کے کھاتے میں ڈال دیئے جاتے ہیں جو اپنے گھریلو بل بھی ادا کرنے سے قاصر ہیں ، محکمہ گیس اور واپڈا میں اربوں کی چوری کرنے والے سرکاری اداروں کے افسران کی سرپرستی میں ماتحت ملازمین کرکے ماہانہ بھتہ وصول کرتے ہیں ، جبکہ ان بڑے مگر مچھوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی کی ہمت نہیں کرتا اور نہ ہی محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کے خلا ف زبان کھولنے کو کوئی تیار ہوتا ہے ، اگر کوئی سرکاری اہلکار چوری کرتے پکڑا جاتا ہے تو محکمانہ انکوائری میں یونین کے سرکردہ عہدیدار اسے بے گناہ کروا کے دوبارہ سے اسی جگہ پر تعینات کروا لیتے ہیں۔

وفاقی محکموں کے سربراہان کو چاہیے کہ غریب صارفین کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کی بجائے سرکاری اداروں میں چھپی کالی بھیڑوں کا احتساب کرکے سرکاری محکموں کو انتظامی بدعنوانی سے بچایا جائے تاکہ سرکاری محکمے بہتری کی طرف چل نکلے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button