محکمہ بلڈنگ میں کام کرنے والے ورک چارج ملازمین تنخواہوں کی بندش پر ایک بار پھر شدید احتجاج
جہلم: محکمہ بلڈنگ میں کام کرنے والے ورک چارج ملازمین تین ماہ سے تنخواہوں کی بندش پر ایک بار پھر شدید احتجاج، ورک چارج ملازمین نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسران کی عدم دلچسپی کیوجہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، افسران غریب ملازمین کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی بجائے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم محکمہ بلڈنگ کے افسران کی عدم توجہی کیوجہ سے ورک چارج ملازمین پچھلے 3 ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کیوجہ سے گزشتہ روز مزدور رہنما حاجی محمد افضل بلوچ کی زیر سرپرستی ورک چارج ملازمین نے پرامن احتجاج کیا ، احتجاج میں ملازمین کی بڑی تعداد دفتر کے احاطے میں اکٹھی ہو گئی اور تنخواہیں نہ ملنے کیوجہ سے دفتر کے اندر نعرے بازی اور ماتم کرتے رہے۔
اس موقع پر مزدور رہنما حاجی محمد افضل بلوچ نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اگلے چند روز تک ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے ۔ حاجی محمد افضل بلوچ نے کہا کہ افسران کو ماتحت عملے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اپنانے کی بجائے اپنے بچوں جیسا رویہ اپنانا چاہیے تاکہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے اور ملازمین دلجمی سے خدمات سرانجام دے سکیں۔