
جہلم: پاکستان مسلم لیگ ن جہلم کا ورکرز کنونشن مقامی میرج ہال میں منعقد ہوا، کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے بھرپور مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مسلم لیگ ن زندہ باد، نواز شریف زندہ باد کے نعروں سے فضاء گونجتی رہی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، ملک ابرار حسین، بلال اظہر کیانی ، سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری ندیم خادم، سابق ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری لال حسین، ضلعی صدر چوہدری بوٹا جاوید ، تحصیل صدر چوہدری راشد گھرمالہ سمیت دیگر قائدین نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن حقیقی معنوں میں عوامی جمہوری جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم ہمیشہ سے ہی میاں نوازشریف کے چاہنے والوں کا ضلع رہا ہے اور مسلم لیگ ن کا مضبوط قلعہ ہے۔ مسلم لیگ ن کے قلعے کو فتح کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ضلع جہلم کے عوام ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی شکست خوردہ عناصر کو مسترد کردیں گے اور مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔
لیگی قائدین نے کہا کہ مسلم لیگ ن ضلع جہلم کی مسلم لیگ ن سے مخلص قیادت ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے اور ممبران اسمبلی و پارٹی عہدیداروں نے بھرپور طریقہ سے ورکرز کنونشن میں شرکت کرکے ورکرز کنونشن کو کامیاب بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم مسلم لیگ ن کا نا قابلِ تسخیر قلعہ ہے اور حسب سابق روایت 2023ء میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن قومی و صوبائی نشستوں سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ،ورکرز کنونشن میں کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی، گھرمالہ خاندان نے ورکرکنونشن کو کامیاب بنانے کے لئے پچھلے کئی روز سے مہم کا آغاز کررکھا تھا۔
ورکر کنونشن کی کامیابی پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کے سالارِ قافلہ چوہدری ندیم خادم، چوہدری لال حسین، چوہدری راشد گھرمالہ کو مبارک باد پیش کی۔