جہلم میں جا بجا گندگی کے ڈھیر، کوڑا کرکٹ کو آگ لگا کر تلف کرنے کا سلسلہ بدستور جاری

جہلم: شہر اور گردونواح میں جا بجا گندگی کے ڈھیر ، اندرونی علاقوں میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگا کر تلف کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ، سموگ میں اضافے کے خطرات لاحق ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سے نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت ضلع بھر کے علاقوں میں جا بجا گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کی اکثریت کوڑا کرکٹ اٹھانے کی بجائے انہیں آگ لگا کر تلف کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، جس کو دیکھتے ہوئے علاقہ مکین بھی سر شام ہی کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں ،جس کیوجہ سے شہر میں سموگ میں اضافے کے خطرات لاحق ہو چکے ہیں اور ساتھ ہی فضائی آلودگی میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہاہے۔
ضلعی افسران کا تمام تر زور صفائی کی بجائے فوٹو سیشن تک محدود ہے ، کسی افسر نے بھی شہر کے اندورنی محلوں اور ملحقہ آبادیوں میں جاکر چیک کرنے کی کبھی زحمت گوارہ نہیں کی اور نہ ہی صفائی ستھرائی کے حوالے کام چور عملے کو چیک کرنے کی ضرورت محسوس کی ہے۔
دوسری طرف میونسپل کمیٹی کا عملہ صفائی بھی شہر کے مخصوص علاقوں جن میں سول لائن روڈ، ضلع کچہری شامل ہیں کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ شہر کے گلی محلے گندگی سے اٹے پڑے ہیں ، دوسری جانب سینٹری ورکروں کی اکثریت پرائیویٹ کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ تنخواہیں میونسپل کمیٹی سے وصول کر رہے ہیں۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرو ن شہر کے گلی محلوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کرنے اورگندگی کو آگ لگانے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کا مطالبہ کیاہے۔