دنیا میں ہر سال لاکھوں سے زائد ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر میاں مظہر حیات

جہلم: ٹی بی کے عالمی دن کے موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہرحیات نے کہا ہے کہ ٹی بی ایک مہلک مگر سو فیصد قابل علاج مرض ہے، ٹی بی کا ایک مریض علاج معالجہ نہ ہونے کے باعث ہر سال ہزاروں افراد کو اس مرض میں مبتلا کر دیتا ہے ، دنیامیں ہر سال لاکھوں سے زائد ٹی بی کے مرض میں مبتلاہورہے ہیں ، ڈبلیو ایچ او محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ سے مل کر عوام میں اس مرض سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کے حوالہ سے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی ٹی بی ڈے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پرہسپتال کے سینئر ڈاکٹر ز سمیت پیرا میڈیکل سٹاف موجود تھے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہرحیات نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او پاکستان سے ٹی بی کے خاتمہ کیلئے حکومت پاکستان کو ہر قسم کی معاونت فراہم کر رہا ہے آج ٹی بی کے عالمی دن کو منانے کا مقصد بھی عوام کو اس سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کر نا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہلم میں ٹی بی کی تشخیص کے مراکز قائم ہیں ، جہاں پر مریضوں کو مفت ادویات اور علاج سمیت متوازن غذا بھی سو فیصد مفت تقسیم کی جارہی ہے، ہسپتال میں مریضوں کو ایکسرے لیبارٹری مفت ادویات اور صحت مند غذا فراہم کی جارہی ہے، گزشتہ سال کے دوران درجنوں مریضوں کا علاج کیا گیااور سکریننگ کی گئی ٹی بی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جارہی ہیں۔
ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا کہ کو رونا، پولیو، ٹی بی یا کسی بھی ایمر جنسی صورتحال میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز اور عملہ نے ہمیشہ جا نفشانی سے اپنے فر ائض سر انجام دیئے۔ انشاء اللہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ اپنے تمام دستیا ب و سائل کر بروئے کار لاتے ہوئے ٹی بی کے خاتمہ کیلئے اپنی کوشش جاری رکھے گی۔