جہلم

ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسائل پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،قانون پر عملدرآمد نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحفظ ماحولیات کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات اظہار احمد، محکمہ معدنیات اور ایس ڈی او فاریسٹ وقاص شاہ نے شرکت کی۔

اجلاس میں تحفظ ماحولیات سے متعلق 17 کیسز زیر غور لائے گئے جن میں سے 5 کیسز کو نامکمل کوائف کی بنا پر فیصلہ ملتوی کر دیا گیا جبکہ 12 درخواستوں کو دیگر شرائط پورا کرنے کے بعد این او سی جاری کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے محکمہ ماحولیات کو ہدایت کی کہ غیرقانونی کرش پلانٹس کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے، این او سی کے بغیر کسی کرش پلانٹ کو چلنے نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سموگ انتہائی خطرناک ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے سموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے جس کے باعث سموگ کی وجہ بننے والی تمام سرگرمیوں پر 4 ماہ کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کرش پلانٹس کا براہ راست تعلق ماحول کے ساتھ ہے، اسی کرش پلانٹس کو چلانے کی اجازت دی جائے گی جو تمام شرائط و ضوابط پر پورا اتریں گے۔

ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو ہدایت کی کہ کرش پلانٹس کی کڑی نگرانی کی جائے اور ایسے تمام کرش پلانٹس جنہوں نے ویٹ سکربر نہیں لگائے انکو جرمانے کے ساتھ سیل کر دیا جائے۔ ویٹ سکربنگ مشین کرش پلانٹس سے اٹھنے والی دھول اور مٹی کو روکنے کے لیے بہت ضروی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویٹ سکربنگ مشین کے بغیر کسی کو این او سی نہیں دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button