جہلم: غیر قانونی افغانی باشندوں کا انخلاء جاری ، جہلم سے رضا کارانہ طور پر متعدد خاندان افغانستان جا چکے ہیں، ضلع بھر میں 404 خاندان ایسے ہیں جو غیر قانونی طور پر پچھلی کئی دہائیوں سے رہائش پذیر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں اس وقت 404 خاندان ایسے ہیں جو غیر قانونی طور پر پچھلے کئی سالوں سے ضلع جہلم کے مختلف دیہاتوں ، قصبوں میں رہائش پذیر ہیں۔
حکومت کی طرف سے اعلان ہوتے ہیں انخلاء شروع ہو گیا،جہلم جی ٹی روڈ پر افغانی خاندانوں کے لئے انخلاء کیمپ جی ٹی روڈ کالج کے اندر قائم کر دیا گیاہے جہاں سے 31 اکتوبر کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کو انخلاء کیمپ میں منتقل کیا جائے گا، پھر اسی کیمپ سے افغانی خاندانوں کو افغانستان کے لئے روانہ کیا جائے گا۔
اگر رجسٹرڈ افغانی خاندانوں کی بات کریں تو اس وقت ضلع بھر میں 909 خاندان ایسے ہیں جو کہ نادرا میں رجسٹرڈ ہیں ، ان میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جن کا رواں سال جون میں رجسٹریشن کارڈ کی معیاد ختم ہو گئی تھی اور انہوں نے دوبارہ رجسٹریشن کے لئے نادرا سے رجوع نہیں کیا جس کی وجہ سے ایسے افراد بھی غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔