لوٹن: مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اورسیز ٹرسٹ کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی میزبانی اور نظامت میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن میں 40ویں سالانہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس پورے شان و شوکت کے ساتھ منائی گئی ۔
کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسول نے شرکت کی۔مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مختلف سروسز مہیا کرنے والے نمائندہ افراد اور اراکین پارلیمنٹ کی نمائندگی و شرکت سے کانفرنس بین المذاہب ہم آہنگی کا منتظر پیش کر رہی تھی۔ مزید برآں ڈاکٹر فیصل عزیز ڈپٹی ہائی کمشنر کی شمولیت نے پاکستان سے عقیدت، و والہانہ محبت کا ثبوت فراہم کیا ۔
کانفرنس کا آغاز جامعہ کے امام و مدرس قاری محمد کامران اور پاکستان کے ممتاز قاری اجمل علی قادری کی تلاوت سے کیا گیا۔
کانفرنس میںڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان برائے برطانیہ ڈاکٹر فیصل عزیز نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ ہم سب کتنے ہی خوش نصیب ہیں کہ اللہ پاک نے ہمیں اپنے پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی بنایا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمت العالمین ہیں اور آپ ﷺ کو عطا کی گئی کتاب وہ آسمانی صحیفہ ہے جو پوری انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سبب اور ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن پورا عالم اسلام بشمول اسلامی جمہوریہ پاکستان میں عاشقان رسول میلاد منا کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں اللہ کریم ہمیں اسلام اور پاکستان سے محبت اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع نصیب فرمائے اسی میں ہی کامیابی ہے۔
ڈپٹی ہائی کمشنر نے لوٹن کمیونٹی کے اتحاد اور قومی مفاد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر متحد دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کو بھی مبارک باد اور تحسین کے الفاظ سے یاد کیا۔
قبل ازیں میزبان علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اللہ کریم نے اپنے بندوں کی ہدایت اوررہنمائی کے لیے لاکھوں انبیاء اور مرسلین مبعوث فرمائے۔کسی کو ہمکلامی کا شرف بخشا، کسی کو یہ بیضا عطا فرمایا اور کسی کو مردہ زندہ کردیئے اور مبروص کو شفا بخشنے کے معجزات عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کریم نے کسی کو صفی اللہ، کسی کو کلیم اللہ، کسی کو خلیل اللہ اور کسی کو روح اللہ کے خطابات سے نوازا اور سید النباء کو اپنا حبیب کا رتبہ اور مقام عطا فرمایا۔ آپ ﷺ اللہ سبحان اللہ کے محبوب، جامع الصفات بلکہ تمام انبیاء اور مرسلین کے اجتماعی اوصاف کے مالک ہیں۔ہم خوش نصیب ہیں کہ یوم میلاد منا کر اپنے آقا کریم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے کہا کہ وہ اپنے اور اپنے جملہ احباب کے لیے یہ اعزاز سمجھتے ہیں کہ اللہ کریم نے اپنے محبوب کے میلاد میں شرکت کرنے والے شرکاء کی میزبانی کا شرف عطا فرمایااور یہ بھی اس مولا کریم کا شکر ہے کہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن ہر مذہبی تہوار کو مقررہ دن کو منا کر اس دن کی برکات و حسنات کو سمیٹتا ہے۔
علامہ صاحبزادہ سید مظہر حسین گیلانی صدر مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اورسیز ٹرسٹ نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ایک بندہ مومن کو نہ صرف اللہ کا محبوب بنا دیتی ہے بلکہ اس کے گناہوں کو معاف کرا دیتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم صلعم کو بے شمار اوصاف و کمالات عطاء فرمائے ۔
ممتاز عالم دین علامہ محمد اقبال قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید میں عبادات و معاملات کے متعلق صد ہا احکامات موجود ہیں۔ نبی کریم ﷺ پر درود وسلام اللہ اور اس کے رسول اور فرشتے بھی پڑھتے ہیں اور مومنوں کو صلوۃ و سلام پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے اس لیے ماہ ربیع الاول میں کثرت سے صلوۃ و سلام پڑھ کر اللہ اور اس کے حبیب کا قرب حاصل کیا جاسکتا ہے۔
صاحبزادہ سید عبدالغفور آستانہ عالیہ پناگ شریف اور علامہ محمود احمد عباسی نے بھی پر اثر خطابات کیے۔ ممتاز عالمی مبلغ علامہ قاری طیب الرحمٰن ہزاروی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے انسانیت کی ہدایت کے لیے بشریت کا لبادہ پہنا کر بھیجا ۔
بھارت اجمیر شریف سے تشریف لائے ہوئے حضور خواجہ بلال چشتی نے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی دستار بندی کی اور اجمیر شریف کی پیلے رنگ کی دستار عطا کی اور سلسلہ چشتیہ کی خلافت عطا کی۔ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف نے اپنے خطاب میں علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کو ایم بی ای ملنے پر مبارکباد پیش کی ۔
کانفرنس پر لوٹن نارتھ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ سارہ اووین، لوٹن ساوتھ سے لیبر ممبر پارلیمنٹ ریچل ہوپکنز، پرنسپل کورنر افسر بیڈفورڈ شائر بین ہرل ، چیف ایگزیکٹیو لوٹن کونسل رابن پورٹر، چیف ایگزیکٹیو لوٹن اینڈ ڈنسٹیبل ہسپتال ڈیوڈ کارٹر، لارڈ لیفٹیننٹ کی نمائندہ کے علاوہ لیڈر لوٹن کونسل ہیزل سمننز، سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل راجہ محمد اسلم خان، ایگزیکٹیو لیبرکونسلوں جاوید حسین اور جویریہ، لبرل کونسلر اور لبرل ڈیموکریٹس ڈپٹی لیڈر امجد علی، بیڈفورڈ شائر پولیس کرائم اینڈ کمشنر فیسٹس، بیڈفورڈ شائر چیف کانسٹیبل ٹریورراڈ ہرسٹ، مئیر کونسلر یعقوب حنیف، ڈپٹی مئیر زینب راجہ، سابق مئیر ریاض بٹ نے اپنے خطابات میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عید میلاد پر مسلم کمیونٹی کو مبارکباد پیش کی ۔
متعدد مقررین نے عید میلاد شایان شان طریقے سے منانے پر علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کو خراج تحسین بھی پیش کیا ۔ پاکستان کے معروف نقیب اعجاز رضوی نے بھی جوش و خروش سے نقابت کی۔
عالم اسلام کے شہرہ آفاق پاکستان سے تعلق رکھنے والے ثنا خوانان مصطفٰی صاحبزادہ سید الطاف حسین کاظمی، قاری شاید محمود، شہباز قمر فریدی، حافظ احمد رضا قادری، امجد رشید صائم گولڑوی اور تصدق رسول نقشبندی، اور لوٹن سے اویس برادرز اس موقع پر جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن ٹرسٹ کے خان محبوب خان چشتی، چوہدری عبدالغفور اور چوہدری نثار نے جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن کی جانب سے احسن کارکردگی اور شاندار خدمات پر پرنسپل کورنر افسر بیڈفورڈ شائر بین ہرل کو خصوصی ایوارڈ بھی پیش کیا۔
جشن عید میلاد النبی کانفرنس کی مناسبت سے جامعہ کو خصوصی طور پر سجایا گیا تھا جبکہ تمام شرکاء کی تواضع عمدہ کھانے اور لوازمات سے کی گئی۔ صاحبزادہ قاضی عطاالکبریا، صاحبزادہ قاضی ضیا المصطفے، صاحبزادہ قاضی سراج المرتضی ، محمد عرفان اور خلیفہ محفوظ اور ٹیم نے میزبانی کا فریضہ انجام دیا ۔
ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستان ڈاکٹر فیصل عزیز کو لوٹن کی ممتاز شخصیات راجہ منشی خان، چوہدری نثار اور محبوب چشتی نے گلدستہ پیش کیا ۔ شرکاء میں راجہ عقیل زمان، حاجی کرامت، پروفیسر چوہدری امتیاز، پروفیسر ممتاز بٹ، خورشید مغل، سید حسین شہید سرور، محمد فیاض قریشی، طاہر ملک، شبیر ملک، مہربان ملک، غلام محی الدین ملک، چوہدری صغیر، بھی شامل تھے۔
دوران کانفرنس جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کا وسیع ہال تکبیر و رسالت ﷺ کے روح پرور نعروں سے گونجتا رہا۔