جہلم

جہلم شہر اور گردونواح میں وبائی امراض کھانسی، زکام اور بخار وغیرہ تیزی سے پھیلنے لگے

جہلم: شہر اور گردونواح میں وبائی امراض، کھانسی ‘ زکام‘ بخار وغیرہ تیزی سے پھیلنے لگے، شہر میں رات و صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے سبب سردی بڑھنے لگی، بچوں پر اس موسم کی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں اچانک سردی کے سبب پیدا ہونے والی وبائی امراض کے حملے شروع ہو چکے ہیں، شہریوں نے ایک مرتبہ پھر دواخانوں اور ہسپتالوں کا رخ اختیار کر لیا ہے، شہر کے علاقوں میں رات دیر تک دواخانوں میں مریضوں کی بڑی تعداد دیکھی جارہی ہے، شہر کے مختلف مقامات پر بچوں کے ان امراض میں مبتلاء ہونے کی شکایات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ موسم میں ہونے والی تبدیلی کے اثرات بچوں کی صحت پر رونما ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں سے رات اور صبح میں درجہ حرارت میں کمی اور دن میں گرمی کے سبب جو صورتحال پیدا ہو رہی ہے اس کے مضر اثرات انسانی صحت پر مرتب ہورہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے طبی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں کمی اور سردی میں اضافہ و تبدیلی موسم کے دوران بچوں کی صحت کے متعلق احتیاط برتنے کی ضرورت ہے علاوہ ازیں موسم کی تبدیلی کا اثر جسم کی دفاعی صلاحیتوں پر بھی ہوتا ہے اسی لئے ایسے موسم میں بچوں اور ضعیف العمر افراد کوکافی محتاط رہنا چاہئے۔

سول ہسپتال کے شعبہ اطفال کے ماہر ڈاکٹر نعیم غفار کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں بچوں کی خصوصی نگہداشت کی جانی ضروری ہے کیونکہ بچوں کی صحت پر دھوپ کی گرمی اور ٹھنڈی ہواؤں کے سبب مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہسپتالوں سے رجوع کرنے والے بیشتر مریضوں کی شکایات میں بخار‘ سردی‘ کھانسی اور نزلہ جیسے امراض شامل ہیں جو عام مرض کی طرح ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ بیماری کی صورت میں فوری اپنے معالج سے رجوع کریں تاکہ بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button